کراچی میں سگ گزیدگی روکنے کیلئے پالتوکتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی، ڈی ایچ اے میں سگ گزیدگی روکنے کیلئے پالتوکتوں کی رجسٹریشن لازمی کردی گئی
کراچی، ڈی ایچ اے میں سگ گزیدگی روکنے کیلئے پالتوکتوں کی رجسٹریشن لازمی کردی گئی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: ڈی ایچ اے میں سگ گزیدگی کی روک تھام کیلئے کتوں کی رجسٹریشن لازمی کر دی گئی ہے، سی بی سی کا کہنا ہے کہ کلفٹن کے رہائشیوں کو رجسٹریشن کے بغیر پالتو کتے گھر میں رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کا کہنا ہے کہ کتوں کو گھر میں رکھنے کے خواہش مند افراد ان کی رجسٹریشن کیلئے بورڈ سے رابطہ کریں جبکہ یہ پابندی کنٹونمنٹ  ایکٹ 1924 کی دفعہ 119 کے تحت عائد کی گئی ہے۔

رواں ہفتے سی بی سی کی طرف سے عائد کردہ پابندی جس قانون کے تحت لگائی گئی، اس کے مطابق بورڈ ایک دھاتی ٹوکن جاری کرے گا جو کتوں کو پہنائے جانے والے کالر پر لگادئیے جائیں گے جبکہ عوامی مقامات پر غیر رجسٹرڈ کتوں کو پکڑ لیا جائے گا۔

پکڑے گئے غیر رجسٹرڈ کتے ایک علیحدہ مقام پر رکھے جائیں گے اور اگر ان کے کسی مالک نے رابطہ نہ کیا اور فیس ادا نہ کی تو کتوں کو ہلاک کردیا جائے گا۔ فیس کی ادائیگی 1 ہفتے کے اندر اندر لازمی ہوگی۔ کتے ہلاک ہوجانے پر معاوضہ بھی ادا نہیں کیا جائے گا۔

گھروں میں کتے رکھنے والے رہائشی افراد پر لازم ہوگا کہ وہ کتوں کو پٹہ یا زنجیر سے باندھ کر رکھیں، بصورتِ دیگر ان پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اگر کتے نے کسی شخص پر حملہ کیا تو مالک کو 200 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

سی بی سی کا کہنا ہے کہ کتوں کی رجسٹریشن نہ کرانے پر بورڈ کیلئے پاگل کتوں اور نارمل جانوروں میں تمیز ناممکن ہوجاتی ہے۔ اگر شہریوں نے کتوں کی رجسٹریشن نہ کروائی تو ان کے خلاف کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 119 کے تحت کارروائی ہوگی۔

کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 119 کے مطابق شہریوں کو کتوں سے محروم کیا جاسکتا ہے، جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں، قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے اور اگر کتے نے کوئی نقصان کیا ہو تو اس کی ذمہ داری بھی کتے کے مالک پر عائد ہوگی۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل عدالت نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سینئروکیل پر حملہ کرنے والے کتوں کے مالک کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

شہرِ قائد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں آج سے 2 روز قبل سینئر وکیل مرزا اختر پر پالتو کتوں کے حملے کے کیس میں کتوں کے مالک ملزم ہمایوں خاں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی،ملزم وہیل چیئر پر پیش ہوا۔

مزید پڑھیں: وکیل پرحملہ کرنے والے کتوں کے مالک کی عبوری ضمانت میں توسیع

Related Posts