لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ گرمی کی شدت میں کمی سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق آج دوپہر کے وقت لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاہور ائیرپورٹ پر سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ہوئی، گلبرگ میں 15، اپر مال میں 14، نشتر ٹاؤن میں 11 جبکہ جوہر ٹاؤن میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جہلم، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔ جہلم میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس کے دوران متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے شہریوں کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا رہا۔
ملک کے دیگر شہروں بشمول پاک پتن، کمالیہ، حافظ آباد اور گردونواح میں شدید بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا اور سڑکیں، گلیاں اور محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔
آج ملک کے متعدد شہروں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سبی اور تربت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری رہا، پسنی میں 46، جیکب آباد اور لسبیلہ میں 45، دادو 44، چکوال 43 جبکہ بہاولپور، سٹک اور سکھر میں 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔