کراچی :قومی آئل مارکیٹنگ کمپنی کی حیثیت سے پی ایس اونے ملک کی ایندھن کی صنعت میں ایک اور انقلابی قدم اٹھا لیا ۔ فیول کے معیار کو یورو2 سے یورو5 پر منتقل کرنے والی ملک کی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد، ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع پی ایس او سروس اسٹیشن نمبر 2 پر پی ایس او یورو 5کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے توانائی اورپیٹرولیم ڈویژن، عمر ایوب اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ملک میں سب سے بڑے ریٹیل آوٹ لیٹس نیٹ ورک کی حامل آئل مارکیٹنگ کمپنی کے ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں موجودپی ایس او ریٹیل آوٹ لیٹس پر یورو5 ہائی اوکٹین 97فیول دستیاب ہوگا۔
یورو فائیو متعارف کروانے پر وفاقی وزیر برائے توانائی اور پیٹرولیم عمر ایوب کا قومی آئل مارکیٹنگ کمپنی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ’ وزیر اعظم عمران خان ماحولیات کے چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں ۔
محدود وقت کے اندر پاکستان یورو5 فیول متعارف کرواناہمارے ماحول میں فضائی آلودگی کو ختم کرنے کے عہد کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ اپ گریڈڈ معیاری فیول کو استعمال کیا جائے جس سے نہ صرف ماحولیات پر ہونے والے منفی اثرات میں کمی ہوگی بلکہ ملک ایک پائیدار مستقبل کی جانب گامزن ہوگا۔
فیول کے معیار میں بہتری سے آخر کار صارفین کو فائدہ حاصل ہوگا اور کم آلودگی کے نتیجے میں شفاف ماحول تشکیل پائے گا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن ندیم بابر نے پی ایس او کی جانب سے اٹھائے گئے قدم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو زندگی گزارنے کے لئے ایک بہتر دنیا فراہم کریں۔
ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کو قابو کرنے کے لئے ہمیں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ فیول معیار کو اپ گریڈ کرنا صاف اور سرسبز پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ملک کو ایک بہتر مستقبل کی جانب گامز ن کرنے پرپی ایس او کی کاوشو ں کو سراہنا چاہیے۔
اس حوالے سے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پی ایس او ظفر عثمانی نے ایک پیغام کے ذریعے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔پاکستان کا سب سے بڑا توانائی فراہم کرنے والا ادارہ پی ایس او اب پائیدار توانائی کی فراہمی کے حوالے سے انقلابی اقدام اٹھا رہا ہے اور صارفین کی خدمت اور انکو ماحول دوست فیول کے انتخاب فراہم کرنے کے لئے نئی راہیں تلاش کررہا ہے۔
میں یہ فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ پی ایس او ملک کو مثبت راہ پر گامزن کرنے کی علمبردار ہے۔ پی ایس او میں اصلاحات اور اگلے 15 سالوں کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ اس عمل کے ذریعہ پی ایس او ایک لچکدار اور پائیدار منافع بخش کمپنی بن جائے گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی اور سی ای او پی ایس ا و سید محمد طح نے کہاکہ یورو 5 فیول متعارف کروانے کے ذریعے لا کھو ں پاکستانیوں کے پی ایس او پر اعتماد کو مزیدمستحکم بنانا ہمارا مقصد ہے۔
نئی پروڈکٹ رینج عالمی معیار کے فیول کے مساوی ہے ۔ ہمیں فخر ہے کہ پی ایس او ملک کو صاف اور معیاری فیول کے دور میں لے جانے والی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔ یورو5 فیول میں سلفر کی مقدار کم ہوتی ہے اور یہ ماحول دوست ہے لہٰذا یہ پروڈکٹ آنے والی نسلو ں کے لئے ایک بہتر ماحول کی تشکیل میں اہم ثابت ہوگی۔
یورو 5 معیار کا فیول ماحول میں منفی اثرات کو کم کرے گاچونکہ اس فیول میں سلفر اور بینزین کی مقدار 98سے 80 فیصد تک کم ہوتی ہے۔ یورو5 فیول کے استعمال سے نہ صرف گاڑیوں کے انجن کی کارگردگی بہتر ہوگی، بلکہ گاڑیوں سے خارج ہونے والے مضر صحت دھوئیں میں کمی کی وجہ سے انسانی صحت پراچھے اثرات مرتب ہوگے۔
بینزین کی مقدارمیں کمی کی وجہ سے پروڈکٹ ہینڈلنگ پر کام کرنے والے انڈسٹری ورکرز کی صحت بھی بہتر ہوگی۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹیٹ آئل میں 307 ارب 57 کروڑ سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف