چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت تاجر برادری کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد اگلے ہفتے سے شروع کردے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ تاجر برادری کے ساتھ معاہدے پر عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے۔
شبر زیدی نے کہا کہ ہر علاقے اور مارکیٹ کی نمائندگی کرنے والی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن کے تحت تاجر برادری پورے ملک کی نمائندگی کرسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو مل کر ٹیکس رجسٹریشن کے حوالے سے کام کریں گے جبکہ یہ ٹیکس نیٹ میں توسیع کے ایک نئے عہد کا آغاز ہوگا۔
https://twitter.com/ShabarZaidi/status/1202945808863309825
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ملک بھر کے 31 لاکھ افراد صنعتی شعبے سے وابستہ ہیں جبکہ ان میں سے صرف 43 فیصد افراد قومی ٹیکس نیٹ کا حصہ ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 نومبر کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دی جارہی ہے جبکہ ماضی میں ٹیکس کا نظام شدید مشکلات کا شکار تھا۔
ٹیکس وصولی کے معاملات پر روشنی ڈالتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کا معاشی نظام جب تک درست نہیں ہوتا، ہم ٹیکس وصولی اہداف پورے نہیں کرسکتے جبکہ معیشت کے مختلف شعبہ جات باہم مربوط ہیں۔
مزید پڑھیں: 31 لاکھ میں سے 43 فیصد ٹیکس نیٹ میں آتے ہیں۔شبر زیدی