کراچی: سینٹرل جیل کراچی میں اغوا برائے تاوان کے سزا یافتہ قیدی اعجاز تسلیم نے اپنی پینٹنگ سے 13 لاکھ روپے کمالئے۔ جس میں سے انہوں نے 10 لاکھ روپے والدہ اور 3 لاکھ روپے بہن کو شادی کی مد میں دے دیئے۔
آئی جی جیل خانہ جات حسن سہتو نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سینٹرل جیل میں اغوا برائے تاوان کے سزا یافتہ قیدی نے پینٹنگ کے ذریعے کمائے 13 لاکھ روپے اپنی والدہ اور بہن کو دے دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیدی نے مجموعی رقم میں سے 10 لاکھ روپے اپنی والدہ کو دیئے اور انہیں عمرے پر بھیجنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جب کہ پینٹنگ کی کمائی سے 3 لاکھ روپے بہن کو شادی کی غرض سے بھی دیے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل آرٹس کونسل کراچی میں سینٹرل جیل کے قیدیوں کی پینٹنگ کی نمائش کی گئی تھی، 3 روزہ ایونٹ میں اعجاز تسلیم نامی قیدی کی 23 پینٹنگز اور کچھ فن پارے فروخت کے لئے پیش کئے گئے تھے۔
جس کی مد میں سینٹرل جیل میں قید اعجاز تسلیم کو مجموعی طور پر 13 لاکھ روپے ملے تھے جو گزشتہ روز وزیر داخلہ نے تقریب کے دوران اس کے حوالے کردیئے تھے۔
واضح رہے کہ اعجاز تسلیم سزا یافتہ قیدی ہے، جسے اغوا برائے تاوان کے جرم میں 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔