اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پراسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگئے۔
وزیرِ اعظم کراچی میں ٹیکسٹائل- ایکسپو میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے جہاں تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیراعظم گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کے علاوہ سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کریں گے اور آئندہ بجٹ کے سلسلے میں ان کی تجاویز سنیں گے۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف گریٹر کراچی واٹر سپلائی سکیم (کے-فور) کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی 3 روزہ ٹیکسٹائل نمائش ٹیکسپو 2023ء آج سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے۔ ٹیکسپو میں 300 سے زائد نمائش کنندگان، معروف ڈیزائنرز اور ماہرین شرکت کریں گے۔
امن مشن کی 75 ویں سالگرہ، اقوام متحدہ کا شہدائے پاکستان کیلئے اعزازات کا اعلان
نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعت کو پیش کیا جائے گا۔
آسٹریلیا، بنگلا دیش، بیلجیئم، چین، جاپان، کولمبیا اور مصر ٹیکسپو میں شرکت کریں گے۔ فرانس، جرمنی، ایران اور 48 غیر روایتی مارکیٹوں سے خریدار ٹیکسپو میں شریک ہوں گے۔
ٹیڈاپ کے سی ای او زبیر موتی والا کا اس ضمن میں ایک بیان میں کہنا ہے کہ ٹیکسپو میں شریک تمام مندوبین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ نمائش پاکستانی ٹیکسٹائل اور لیڈر شعبے کی صلاحیت اجاگر کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیکسپو 2023ء کے آخری 2 روز فیشن شوز کا انعقاد بھی ہو گا، نمائش کے پہلے روز گورنر ہاؤس کراچی میں ثقافتی شو منعقد ہوگا۔
سی ای او ٹیڈاپ زبیر موتی والا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیکسپو 2023ء پائیدار فیشن اور ٹیکسٹائل کی ایک دلچسپ نمائش اور میلہ ثابت ہو گا۔