بجلی کی بندش نے الیکٹرک بسوں کے پہیے روک دئیے! ملیر تا سی ویو سروس معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے علاقے ملیر سے کلفٹن سی ویو تک چلنے والی وائٹ الیکٹرک بس سروس بجلی کی عدم فراہمی کے باعث مسلسل تیسرے روز بھی معطل ہے جس کے سبب روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سروس انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو پیغام کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ بجلی کا مسئلہ تاحال حل نہ ہونے کے باعث آج بھی بس سروس بحال نہیں ہو سکے گی۔ انتظامیہ نے مسافروں سے ہونے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے انہیں عارضی طور پر متبادل سفری انتظام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بجلی کی فراہمی بحال ہوتے ہی بس سروس دوبارہ شروع کرنے اور مسافروں کو فوری طور پر آگاہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وائٹ الیکٹرک بسیں ملیر سے شاہراہِ فیصل کے راستے کلفٹن اور سی ویو تک مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔ تین روز سے سروس کی بندش کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے تاحال بس سروس کی معطلی سے متعلق کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا۔

Related Posts