کوہاٹ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گالیاں ن لیگ کو پڑ رہی ہیں اورزرداری مزے لے رہا ہے، شہبازشریف نے وزیراعظم بننے کے لیے بڑی محنت کی، یہ پھنس گئے ہیں۔
کوہاٹ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست کروں گا شریف خاندان کے کرپشن کیسز خود سنیں۔ ہمیں کسی اور پر اعتماد نہیں۔ عدالت نے ہماری اخلاقیات کو گرنے سے بچایا، اور آج کے فیصلے میں منحرف ارکان کے ووٹ کو مسترد کر دیا، جو لوگ اپنے حلقوں، قوم اور جمہوریت سے غداری کرتے ہیں، شکر ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بڑا اچھا فن ہے، فوجی بوٹ پالش بڑے اچھے طریقے سے کرتا ہے، امریکیوں کے بوٹ بھی پالش کرتا ہے، مسلم لیگ کے مقابلے میں زرداری ان پرواقعی بھاری ہے، آصف زرداری مہنگائی بڑھنے کا بڑے مزے لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلسے میں لائٹیں صحیح طریقے سے نہیں لگائی گئیں، یہ کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے، شہبازشریف نے وزیراعظم بننے کے لیے بڑی محنت کی، یہ پھنس گئے ہیں، ان کے پیچھے ٹائیگر ہے، چیری بلاسم شہبازشریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، شہبازشریف نے بڑی دیرسے اچکن سلوائی ہوئی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ ایک پلان انسان، دوسرا پلان اللہ بناتا ہے، اللہ انسان کوکامیابی دیتا ہے، تھری سٹوجزنے بڑا مل کرپلان بنایا تھا، تینوں نے زورلگا کرہماری حکومت گرائی، آگے سمندراورپیچھے ٹائیگرشہبازشریف پھنس گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رضوان سے جاں بحق ہونے کی تفتیش ہونی چاہیے۔ دوسرا ایف آئی اے افسر بھی ہارٹ اٹیک میں جاں بحق ہوا۔ دونوں افسران کی تفتیش سپریم کورٹ کرے، 40 ارب روپے کے ان پر کیسز ہیں۔
سپریم کورٹ ان کے کیسز سنے، ان کو جب سزا ہونے لگی، ایف آئی اے کے لوگوں کو فارغ کر دیا گیا، اس لیے میری درخواست ہے شریف خاندان کے کیسز سنیں اورہمیں کسی پر اعتماد نہیں۔ باپ، بیٹے کو ایک سال پہلے سزا ہو جانی چاہیے تھی، انکے کیسز کو سنے۔
عمران خان نے کہا کہ جو لوگ اپنے حلقوں، قوم اور جمہوریت سے غداری کرتے ہیں، شکر ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے، حمزہ شہباز اب اپنی اچکن کورکھ دواب پنجاب میں مرغی کی قیمتیں بھی نیچے آجائیں گی، سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست کروں گا شریف خاندان کے کرپشن کیسز آپ سنیں۔ ایف آئی اے انہوں نے تباہ کر دیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکیوں کو اچھے طریقے سے جانتا ہوں وہ ایسے ڈالرنہیں دیں گے، امریکی پہلے مزید غلامی کرائیں گے پھر ڈالردیں گے، امریکی کہیں گے خارجہ پالیسی ان کے حکم پرچلے گی، امریکا کہے گا روس سے سستا تیل نہیں منگوانا، ہماری حکومت نے روس سے 30 فیصد سستی گندم،تیل کا معاہدہ کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ کا فیصلہ: کون جیتا، کون ہارا، کیا نتائج نکلیں گے؟