اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے سب کو مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا۔ بچوں کو قطرے پلائے اور تصویریں بھی کھنچوائیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں انسدادِ پولیو مہم پر توجہ دیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے کام کریں۔
پاکستان میں کورونا کے 66نئے کیسز رپورٹ، 90مریضوں کی حالت تشویشناک
انسدادِ پولیو کیلئے قومی ٹاسک فورس کے اجلاس میں گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی ملک بھر میں پولیو کا چیلنج موجود ہے جس کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے حالیہ کیسز کی دریافت تشویشناک ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں نے ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے محنت کی ہے اور گراں قدر خدمات بھی سرانجام دیں۔
ٹاسک فورس اجلاس میں انسدادِ پولیو کی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جان کر افسوس ہوا کہ شمالی وزیرستان میں پولیو ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ باہمی سوچ و فکر، عمل، ہمت اور عزم کے ساتھ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے بلا تاخیر عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔