اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے قومی اسمبلی پہنچ گئے ہیں جہاں پی ٹی آئی کے اراکینِ قومی اسمبلی نے وزیرِ اعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج اراکینِ قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے اسمبلی ہال پہنچے ہیں جہاں اپوزیشن کے اراکینِ اسمبلی کی نشستیں خالی پڑی ہیں۔
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ اپوزیشن کی بینچوں پر نوٹوں کے ہار رکھ دئیے گئے۔ وفاقی وزراء، اراکینِ وفاقی کابینہ اور پی ٹی آئی اراکین سمیت اتحادی اراکینِ قومی اسمبلی ہال میں موجود ہیں۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ آج حاصل کریں گے جبکہ ایوان میں پی ٹی آئی اور حلیف جماعتوں کے 180 اور اپوزیشن کے 160 ارکان ووٹ ڈالیں گے۔
قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 342 نشستیں موجود ہیں جہاں وزیرِ اعظم کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے اراکینِ قومی اسمبلی کی سادہ اکثریت کے ووٹوں کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ آج حاصل کریں گے