اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین کی بیماری پر سیاست کرنا پی ٹی آئی نے متعارف کرایا جو ملکی سیاست پر سیاہ دھبہ ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو ذمہ دار عمران نیازی ہونگے ۔
اسلام آباد میں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران نیاز ی ٹیسٹ ٹیوب وزیراعظم ہیں ،وہ اتنا ہی ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں،پی ٹی آئی ملکی معیشت کیلئے نائن الیون ثابت ہوئی ہے ،ایک سال میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا گیا ۔
حکومتی پالیسیوں کی بدولت کوئی سرمایہ کار پیسہ بینکوں میں رکھنے کو تیار نہیں،افغانستان کا گروتھ ریٹ پاکستان سے اوپر چلا گیا ہے، یوٹرن کی سیاست نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو تباہ کردیا ہے،حکومت قائدین کی صحت کیساتھ کھیلنا بند کیا کرے، ملک کو نئے انتخابات ہی مسائل سے نکال سکتے ہیں ،گرفتاریاں ہمیں نہیں ڈرا سکتیں ،حکومت اب ہم سے این آر او مانگ رہی ہے، نفرت انگیز تقریر پر گرفتاری ہونی ہے تو پھر عمران نیازی کو بھی گرفتار کیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ،نواز شریف کے ذاتی معالج کئی دنوں سے اس حوالے سے آگاہ کررہے تھے ،حکومت نے طبی سہولتوں پر بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس جب 10ہزار سے نیچے گرے تو مشیر اطلاعات تبصرے کررہی تھیں ،اس طرح کے تبصرے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کے خون کے پلیٹلیٹس میں خطرناک حد تک کمی، علاج جاری
انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر بھی تبصرے کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کی بیماری پر سیاست کرنا پی ٹی آئی نے متعارف کرایا،پی ٹی آئی مخالفین کی بیماری پر بھی سیاست کرتی ہے، جو پاکستان کی سیاست میں ایک سیاہ دھبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ 20ہزار پلیٹلٹس آنے سے مریض کو شدید خطرہ لاحق ہوجاتا ہے ،نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اس کی سنگینی سے تقریبا رات 7 بجے آگاہ کردیا تھا لیکن رات بارہ بجے تک حکمران سوتے رہے اور رپورٹس کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے میڈیا پر آنے کے بعد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پتہ نہیں کون سی ڈاکٹر ہیں؟۔احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی جس طرح کی سیاست کرہی ہے وہ شرمناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو عمران نیازی زمہ دار ہوں گے ،عمران خان نے تکبر اور نفرت کی سیاست کو متعارف کروایا ہے ۔
مزید پڑھیں: سابق صدر آصف زرداری طبعیت ناسازی کے سبب پمزاسپتال منتقل