اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کے عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران سے بچنے کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری پوری کرے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ افغان عوام کے ساتھ ان کو ضرورت کے وقت کھڑا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور ان کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ ہم افغانستان کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کریں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم افغان عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضروری اشیائے خوردونوش، ہنگامی طبی سامان اور موسم سرما میں پناہ گاہیں بھیج رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سرحد پار سے پاکستان جانے والے تمام افغانوں کو مفت کوویڈ 19 ویکسین بھی فراہم کریں گے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی برادری کے لیے ماضی کی ‘غلطیوں سے بچنا’ اور ملک میں معاشی تباہی یا خانہ جنگی کو روکنے کے لیے طالبان حکومت کے ساتھ مثبت روابط کو آگے بڑھانا بہت ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ٹرائیکا پلس کے 9ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے نشاندہی کی کہ افغانستان کے ساتھ روابط اہم ہیں کیونکہ کوئی بھی کابل میں خانہ جنگی اور معاشی تباہی کو دوبارہ دیکھنا نہیں چاہتا تھا۔
مزید پڑھیں: معاشی بحران سے بچنے کیلئے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی روابط ضروری ہیں، وزیر خارجہ