مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ن لیگ کےتاحیات قائد میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے خود نکالیں۔
سربراہ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین نے گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف کے بیرونِ ملک جانے کے معاملے کو سرکاری گورکھ دھندے میں الجھا کر رکھ دیا گیا تو ملک افراتفری کا شکار ہوگا، اور یہ اپوزیشن اور حکومت دونوں کے مفاد میں نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی صحت خراب ہے، ذاتی ڈاکٹرز کو رسائی دی جائے‘قمر زمان کائرہ
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ مل بیٹھ کر نواز شریف کا معاملہ سلجھائیں اور بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے ازخود نکالیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبی علاج معالجے کی غرض سے بیرونِ ملک جانا ہے۔ ان کی درخواست پر فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔
شجاعت حسین نے کہا کہ کسی بھی انسان کی بیماری پر سیاست کرنا ایک غیر اخلاقی عمل ہے۔ اگر میاں نواز شریف کو کچھ ہوا تو ملکی سیاست میں تلخیاں بڑھ جائیں گی جس سے ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا اور پاکستان کے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لیے معاملے کو جتنی جلدی نمٹا دیں، اتنا ہی اچھا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمان سے آزادی مارچ کا معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے 3 نومبر کو مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے میلہ لوٹ لیا ہے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن کی دونوں جماعتوں نے مولاناکولیڈرتسلیم کرلیاہے، چوہدری شجاعت حسین