مظفرگڑھ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹرز کو بتایا جائے کہ آپ کے سلیکٹڈ کو عوام نے مسترد کردیا ہے،کچھ قوتیں مجھ پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہیں ، میں اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے ، نااہل ٹولہ ملک سنبھال سکتا ہے اور نہ ہی معیشت۔
مظفرگڑھ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے ایک سال میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے، نااہل ٹولہ ملک سنبھال سکتا ہے نہ معیشت، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کی حد کر دی گئی ہے، یہ کیسا احتساب ہے جو صرف اپوزیشن کا ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کیس سندھ میں ہوتا ہے لیکن چلتا پنڈی میں ہے، کچھ قوتیں مجھ پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہیں لیکن میں اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، عوام کے حقوق کے لیے لڑتا رہوں گا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پہلے بھی خبردار کیا تھا اس ملک میں کٹھ پتلی کو مسلط کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، پھر وہی ہوا 25 جولائی کو سلیکشن ہوئی اور بدترین دھاندلی کی گئی، پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے باہر پھینکا گیا اور عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، کسی جماعت نے انتخابات کو تسلیم نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا اسعد محمود نے علی امین گنڈا پور کا الیکشن میں مقابلے کاچیلنج قبول کرلیا