اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کیساتھ ساتھ معیشت کے دیگر اہم شعبہ جات میں دوست ملک چین سے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار ،وزیر توانائی عمر ایوب ، وزیر بر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ، وزیر ریلوے شیخ رشید ، وزیر بحری امور علی زیدی ، مشیر تجارت رزاق داؤد ، معاون خصوصی پٹرولیم ،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
وزیرمنصوبہ بندی نے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت اور مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اجلاس میں اراکین کو ڈیجیٹل پےمنٹ، بیٹری اسٹوریج ریسرچ، زرعی آلات کی مینوفیکچرنگ، اور ڈرون ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی۔ جبکہ وزیرریلوے نے سی پیک کے اہم منصوبے ایم ایل ون پر پیشرفت اور منصوبے کے ممکنہ ثمرات سے شرکا کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا پاک چین دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، معیشت کے اہم شعبوں کی ترقی کے لئے پوٹینشل ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کامظہر ہے، سی پیک کےتحت جاری منصوبوں میں رکاوٹیں دور کررہے ہیں, منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں چین کا دورہ کروں گا، دورے میں چینی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی، ملاقاتیں پاک چین دوستی مزید مستحکم کرنے میں مدد گار ہوں گی، اہم دورہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔