پنڈی ٹریفک پولیس نے سری لنکن کھلاڑی کے ’’ٹائم آؤٹ‘‘ کو منفرد اشتہار میں تبدیل کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک میچ میں سری لنکن کھلاڑی اینجلو میتھیوز کے ٹائم آؤٹ کا معاملہ راولپنڈی شہر کی ٹریفک پولیس کے اشتہار میں تبدیل ہوگیا۔

 پیر کو آئی سی سی ورلڈکپ کے دلی میں کھیلے جانے والے سری لنکا، بنگلہ دیش میچ کے دوران سری لنکن آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کو مقررہ وقت کے اندر اپنی اننگ شروع نہ کرنے پر بغیر کوئی گیند کھیلے ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے کر پویلین واپس بھیج دیا گیا تھا۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے اس معاملے کو اپنی آگہی مہم کیلئے بروقت استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک اشتہار دیا ہے، جس میں سری لنکن کرکٹر کو ہاتھ میں ٹوٹا ہوا ہیلمٹ پکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پوسٹر میں منفرد انداز میں لکھا گیا ہے کہ ایک معیاری ہیلمٹ آپ کو ٹائم آؤٹ سے بچا سکتا ہے۔

پنڈی ٹریفک پولیس نے اس اشتہار کے ساتھ شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ “موٹر سائیکل سوار کے لیے ہیلمٹ ضروری ہی نہیں، لازمی بھی ہے۔”

کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ایک واقعے کو سوشل میڈیا پر تخلیقی انداز میں مثبت پیغام کیلئے استعمال کرنے پر صارفین کی بڑی تعداد پنڈی کی ٹریفک پولیس کو سراہتی نظر آ رہی ہے۔

صحافی و تجزیہ کار اجمل جامی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ “سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے لیے اس شاہکار پر داد تو بنتی ہے ویسے۔”

یاد رہے کہ پیر کے دن آئی سی سی ورلڈکپ کے دلی میں کھیلے گئے سری لنکا بہ مقابلہ بنگلہ دیش میچ میں سری لنکن آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز ٹائمڈ آؤٹ قرار پانے والے تاریخ کے پہلے بین الاقوامی کرکٹر بن گئے تھے۔

Related Posts