اسلام آباد:پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر سعودی حکومت نے عارضی طور پر پابندی عائد کی ہے جس پر قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا مؤقف سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سعودی وزارتِ داخلہ نے عارضی پابندی کا اعلان کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ سعودی عرب کے شہری، طبی عملہ، سفارت کار اور ان کے اہلِ خانہ کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
پاکستان سمیت 20 ممالک کے تمام شہریوں پر سعودی عرب نے عارضی طور پر پابندی عائد کردی۔ پابندی پر عملدرآمد آج رات 9 بجے سے ہوگا۔ سعودی وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ پابندی کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عائد کی گئی۔
سعودی حکومت کے مطابق پابندی پاکستان، بھارت، برطانیہ، امریکا، انڈونیشیاء، متحدہ عرب امارات، آئر لینڈ، انڈونیشیاء، برازیل اور اٹلی کے شہریوں پر عائد کی گئی ہے۔ پابندی کے متاثرین میں ترکی، پرتگال، سوئیڈن، جنوبی افریقہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ، جاپان، لبنان اور مصر کے شہری بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا مؤقف بھی منظرِ عام پر آگیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان سمیت 20 ممالک پر پابندی کورونا وائرس کی نئی لہر کے تناظر میں عائد کی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کوئی مسافر پابندی کے باعث پاکستان سے سعودی عرب نہیں جاسکتا، تاہم آج رات 9 بجے پابندی کے اطلاق سے قبل طے شدہ پروازیں سیالکوٹ سے دمام اور ملتان سے مدینہ تک معمول کے مطابق چلائیں گے۔
پی آئی اے ترجمان کے بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سعودی دارالحکومت ریاض تک پرواز بھی معمول کے مطابق روانہ ہوگی جبکہ جو مسافر سعودی عرب سے پاکستان آنا چاہتے ہیں، انہیں بھی وطن واپس لایا جائے گا۔
بیان کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے عائد کی گئی پابندی ختم ہوتے ہی تمام بکنگ کو پہلی پروازوں پر بحال کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے مزید معلومات کیلئے مسافروں کو پی آئی اے سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیاں ہونگی نہ گلیاں، سعودی عرب کا انوکھا شہر بسانے کا فیصلہ