پی آئی اے کا طیارہ چین سے کورونا ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

چائنہ سے کورونا سے بچاؤ کی سائنو ویک کی مزید 20 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں
چائنہ سے کورونا سے بچاؤ کی سائنو ویک کی مزید 20 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ چین سے سائنو ویک کورونا ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز نمبر پی کے 6853 پاکستان میں سائنو ویک کی نئی کھیپ لے کر آئی، جو رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچی۔

گزشتہ ہفتے اتوار کے روز پرواز نمبر 6852 کے ذریعے سائنو ویک کورونا ویکسین کی 10 لاکھ خوراکوں کی کھیپ پاکستان پہنچی تھی تاکہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی روک تھام عمل میں لائی جاسکے۔

چینی حکام نے پاکستان کو وائرس کو منطقی انجام تک پہنچانے تک ویکسین کی سپلائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ تاحال پاکستان چین سے کورونا ویکسین کی 1 کروڑ 30 لاکھ سے زائد خوراکیں حاصل کرچکا ہے۔

پاکستان کے عظیم دوست چین کی جانب سے  کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان کو مختلف قسم کی کورونا ویکسین کی خوراکیں مہیا کی گئیں جن میں سائنو فارم، سائنو ویک اور کین سائنو شامل ہیں۔

ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک کورونا کی 53 لاکھ 58 ہزار 808 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

ویکسین لگوانے کا عمل ضعیف العمر افراد سے شروع ہوا تھا۔ اب تک 12 لاکھ 86 ہزار 429 افراد ویکسینیشن کا عمل کامیابی سے مکمل کرچکے ہیں جبکہ 28 لاکھ 57 ہزار 746 افراد کو ویکسین کی جزوی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی 2 لاکھ 8 ہزار 64 خوراکیں لگائی گئیں، مزید 1 لاکھ 60 ہزار 203 افراد ویکسین لگوانے کیلئے سامنے آئے جبکہ 47 ہزار 861 افراد کا ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہوگیا۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 3 ہزار 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 مزید شہری وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا سے مجموعی طور پر 9 لاکھ 3 ہزار 599 افراد متاثر جبکہ وائرس کے باعث 20 ہزار 308 شہری جان کی بازی ہار گئے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ، 57 مزید شہری جاں بحق

Related Posts