پاکستانی بزنس وومن ہما فخر اور اخوت فائونڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے برطانیہ میں منعقدہ تقریب میں گلوبل ایوارڈز جیت لیے۔
تقریب میں ڈاکٹر امجد ثاقب کو ان کی غیر معمولی کاوشوں کے اعتراف میں گلوبل مین آف دی ڈیکیڈ کا ایوارڈ ملا، وہیں ہما فخر کو ان کی متاثر کن کامیابیوں کے اعتراف میں گلوبل وومن انسپیریشن ایوارڈ ملا۔
ہُما فخر پاکستان میں یتیم خانوں میں اسکول کی سطح پر خاص طور پر لڑکیوں میں انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں تاکہ وہ بااختیار ہوسکیں اور اپنے لیے روزی کما سکیں۔
ایوارڈ ملنے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ اخوت کے ساتھیوں، رضاکاروں اور پورے پاکستان کے لیے یہ ’گلوبل مین آف دی ڈیکیڈ ‘ ایوارڈ اعزاز ہے، ، ہم سب سمجھتے ہیں کہ یہ کام جو اخوت کے لیے کرتے ہیں، یہ صرف خدا کی رضا کا ایک راستہ ہے ، جب بھی کوئی ایوارڈ ملتا ہے تو وہ ملک اور قوم کی عزت میں اضافے کا باعث بنتا ہے، یہ ایوارڈ بھی میں اور میرے ساتھی اپنی قوم کے نام کرتے ہیں، ان لوگوں کے نام جنہوں نے اخوت کا ساتھ دیا، ان لوگوں کے آنسو پوچھے جو پیچھے رہ گئے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ ہماری منزل ایوارڈ نہیں، ہماری منزل ایک ایسا معاشرہ ہے جہاں ہر شخص کو عزت اور احترام سے زندہ رہنے کا موقع ملے، مبارکباد پاکستان ، مبارکباد اخوت کے ساتھیوں اور رضا کاروں کو۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’انشاء اللہ، آپ اور ہم، وہ دن ضرور دیکھیں گے جب غربت نہیں ہوگی اور کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں ہوگا، کسی ماں کی آنکھوں میں آنسو نہیں ہوں گے، ایسا معاشرہ جو مواخات مدینہ کی درخشاں روایت پر تعمیر ہو‘۔