کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دور وزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو ریکوری آئی اور کے ایس ای100انڈیکس 824.46پوائنٹس کے اضافے سے 37925.79پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا،جب کہ79.94 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا ۔
اسٹاک مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 31ارب 83کروڑ37لاکھ روپے اضافہ اورکاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 4.50فیصد زائد رہا۔ گزشتہ روزکاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 37ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 36955پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا۔
تاہم بعد ازاںمنافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرنے سے پرکشش سطح پر آنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بروکریج ہاوسز اور مالیاتی ادارے متحرک ہوگئے جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای100انڈیکس37949پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا۔
تاہم بعد میں مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 824.46پوائنٹس کے اضافے سے 37925.79پوائنٹس پر بندہوا۔
اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 424.46پوائنٹس کے اضافے سے17531.27پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس 1540.45پوائنٹس اضافے سے 61513.51پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 488.55پوائنٹس اضافے سے 26858.79پوائنٹس پربندہوا ۔
گزشتہ روزمجموعی طورپر374کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے299کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ 63کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ12کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
سرمایہ کاری مالیت میںایک کھرب 31ارب 83کروڑ37لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈکیا گیاجس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 72کھرب47ارب88 کروڑ83لاکھ روپے ہوگئی۔
جمعہ کو مجموعی طور پر24 کروڑ30لاکھ41ہزارشیئرزکا کاروبارہواجوجمعرات کی نسبت ۱یک کروڑ4لاکھ71ہزار شیئرزائدہیں۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے کولگیٹ پامولو کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 89.97روپے اضافے سے 1939.98روپے اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت76.01روپے اضافے سے6398روپے پر بند ہوئی۔
نمایاں کمی سیپ ہائرکے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت27.50روپے کمی سے 522.50روپے اورفلپ موریس کے حصص کی قیمت19.76روپے کمی سے 2334.99روپے ہوگئی ۔نمایاں کاروباری لحاظ سے ٹی آر جی پاکستان ،پاک الیکٹران ،بینک آف پنجاب ،پی ٹی سی ایل ،کے الیکٹرک ،میپل لیف ،اتفاق آئرن ،پاک انٹر بلک اورانٹر اسٹیل کے حصص سرفہرست رہے ۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس میں 394 پوائنٹس کا اضافہ