طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 80 روز کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے کم کیسز آج رپورٹ ہوئے جبکہ اعدادوشمار کے مطابق کیسز کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے ساڑھے 17 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 95 ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیسٹس کے مقابلے میں کیسز کی شرح صرف 6 اعشاریہ 6 فیصد ہے۔
کورونا وائرس کے باعث اب تک پاکستان میں 5 ہزار 639افراد جاں بحق ہوئے جو مجموعی 2 لاکھ 66 ہزار 95 کیسز کے مقابلے میں کم و بیش 2 اعشاریہ 12 فیصد بنتی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں شرحِ اموات دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔
ماہرینِ طب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آبادی میں زیادہ تر تعداد نوجوان طبقے کی ہے جبکہ کورونا وائرس کی جو قسم پاکستان میں پائی جاتی ہے وہ نوجوان طبقے پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتی تاہم وائرس کے باعث عمر رسیدہ افراد کی زیادہ ہلاکتوں کے خدشات ہمیشہ پریشان کن رہے ہیں۔
گزشتہ روز تک کے اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے متاثرہ 1 ہزار 552 مریض جنہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا، ان کی تعداد میں بھی خاطر خواہ کمی دیکھی گئی۔ ایسے مریضوں کی تعداد اب 1 ہزار 481 رہ گئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 66ہزار96 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5ہزار 639 ہو گئی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 1ہزار 13نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس کے باعث 40مزید پاکستانی شہری زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 5 ہزار 639 افراد جاں بحق