پاکستان نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں کشمیر کا مؤقف کامیابی سے پیش کیا۔ شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بھارت کاسفاکانہ چہرادنیا کے سامنےبےنقاب ہوچکا،شاہ محمودقریشی
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کاکہنا ہے کہ ہرفورم پرکشمیریوں کےحقوق کےلیےآوازبلندکرتےرہیں گے، آج دنیا مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں کشمیر کا مؤقف کامیابی سے پیش کیا ہے۔ کشمیریوں کو زندگی گزارنے میں بھرپور مشکلات کا سامنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کا قتل عام ہو رہا ہے اور انہیں زندگی کے مختلف معاملات میں بھارتی فوج کی طرف سے جارحیت اور بربریت کا سامنا ہے۔
وزیر خارجہ  نے کہا کہ ہم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی درست تصویر دنیا کے سامنے پیش کی جسے بھارت اقوامِ عالم سے چھپانے کے لیے بے چین اور پریشان ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم ہر قیمت پر ان کا دفاع کریں گے۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران 10 لاکھ غیر قانونی قابض بھارتی فوج  نے 80 لاکھ کشمیریوں کوگرفتار کر لیا۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے بڑے قید خانے میں تبدیل کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کا یکطرفہ بھارتی اقدام  جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور اس حوالے سے غیر قانونی ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل بین الاقوامی قانون کے تحت  کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرچکی ہے۔ بھارت کی طرف سے ایسے اقدامات کو اندرونی معاملہ قرار دینا یکسر غلط ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں مقبوضہ وادی میں مظالم کے خلاف پچاس سے زائد ممالک کا مشترکہ بیان تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم ہیومن رائٹس کونسل سے مجوزہ اقدامات پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہیومن رائٹس کونسل کے تحت 50 ممالک کی طرف سے مجوزہ اقدامات میں کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق، آزادی اور زندگی کے تحفظ سمیت فوری طور پر کرفیو ہٹائے جانے کے مطالبات شامل ہیں۔
ہیومن رائٹس کونسل ممالک نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور ذرائع مواصلات پر سے فوری پابندی ہٹائی جائے اور حریت رہنماؤں کو آزاد کیا جائے۔ اس میں فوج اور طاقت کے استعمال اور پیلٹ گنوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ 
یاد رہے کہ  وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے 13 ستمبرکے دن مظفر آباد میں   ایک بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کو یقین دلائیں گے کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

Related Posts