کراچی: پاکستان نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کرتین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنےنام کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان لہیرو تھریمانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 297 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے دنوشکا گونا تھلکا اور ایوشکا فرنینڈو نے اننگز کا آغاز کیا جو مایوس کن رہا اور ابتداء میں ہی ایوشکا فرنینڈو 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
آئی لینڈرز کی جانب سے دنوشکا گوناتھلکا 133، شناکا 43، کپتان تھریمانے اور بھنوکا 36، 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب محمد عامر نے 3، عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے سری لنکا کا 298 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں عابد علی، فخرزمان اور حارث سہیل نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فخر زمان اور عابد علی پر مشتمل گرین شرٹس کی نئی جوڑی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔
امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے عابد علی نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے 74 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی ، ان کی اننگز میں 10 دلکش چوکے بھی شامل تھے جب کہ فخرزمان نے بھی نصف سنچری بنائی، وہ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔
عابد علی 74 رنز بناکر ڈی سلوا کا شکار بنے تاہم اس کے بعد آنے والے بابر اعظم بھی 31 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
گرین شرٹس نے 49 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ پاکستان نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان کی جانب سے فخرزمان 76، عابد علی 74 اور حارث سہیل 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔