قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر پورے پاکستان کے عوام کی طرف سے چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ چین کی غربت سے نجات حاصل کرکے ترقی کی راہ میں اقدامات پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مل کر پورے خطے اور تمام دنیا میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی و امن کی نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دعا ہے کہ چین اور اس کے عوام مستقبل قریب میں ترقی کی مزید منازل طے کریں۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن کسی بھول میں نہ رہے، ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاک فوج کے ساتھ ہیں۔شاہ محمود قریشی
شہباز شریف نے کہا کہ چینی قیادت اور عوام نے مل کر انتہائی محنت اور جانفشانی سے عالمی برادری میں ایک منفرد مقام حاصل کرتے ہوئے مخلصانہ جدوجہد جاری رکھی۔ چین کی ترقی غریب اور ترقی پذیر عوام کے لیے ایک سبق کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی گہری جڑیں رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملاقات کریں گے جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔
ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف دھرنے کے حوالے سے آپس میں اہم مشاورت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات: آج سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوگی