جمہوری انداز میں تحریک چلانا صرف ہم جانتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Bilawal Bhutto Zardari Criticise PM imran khan

لاڑکانہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری انداز میں تحریک کیسے چلانی ہے، یہ صرف ہم جانتے ہیں۔ جلسوں اور ٹرینوں میں کٹھ پتلی حکومت کو للکارا، اسی تسلسل کو لے کر پنجاب حکومت گراتے تو وفاق کے سلیکٹڈ خود ہی بھاگ جاتے۔

پیپلزپارٹی جماعت اتحادیوں سے مل کر یا اکیلے ہی اپوزیشن کیلئے تیار ہے،ہم کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے، اقتدار میں آنے سے قبل ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھر کا وعدہ کرنے والے عمران خان نے تین سال میں عوام کو تاریخی بیروزگاری میں دھکیل دیا ہے۔

عمران خان کی حکومت آنے سے پہلے جن کے پاس روزگار تھا، آج ان کے پاس روزگار نہیں ہے، ان صاحب کے دور میں ہماری معاشی ترقی بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی کم ہے اور ہماری مہنگائی کی شرح وہ افغانستان اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے۔

ہمارے ساتھ جو بھی ہوا، بڑے مقصد کی لڑائی کے لیے سب کچھ بھولنے کو تیار ہوں۔ شہید محترمہ نے انہی لوگوں کے ساتھ کام کیا جنہوں نے آصف زرداری پر تشدد کیا اور جلا وطن کیا تھا۔ یہ صرف جمہوریت کی بحالی کے لیے کیا گیا تھا۔

آج دس سال بعد ہم واپس یوسف رضا گیلانی کو پارلیمان بھیج رہے ہیں۔ انہیں جماعتوں نے یوسف رضا گیلانی کو نااہل کیا، آج انہیں کے ووٹوں سے سینیٹر بھی بنے، پاکستان تحریک انصاف اور آئی ایم ایف کی ڈیل کے نتیجے میں ہر پاکستانی کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

ہمیں پاکستان کے عوام کے لیے ووٹ کی آزادی کو بحال کرتے ہوئے انہیں معاشی آزادی بھی فراہم کرنی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے 50سال سے زائد عمر کے تمام افراد سے درخواست کی کہ وہ خود کو رجسٹر کرا کے ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے والد آصف زرداری کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے لیے بہت مشکل سے منایا تھا، انہوں نے پہلا شاٹ لگوا لیا ہے اور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر کارکن سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بزرگوں کو لازمی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور اس صوبے کے عوام کی قربانی کی وجہ سے یہ وبا جب پہلے آئی تھی تو پابندیوں پر عمل کر کے آپ نے جس طرح خود کو تحفظ فراہم کیا تھا، اسی طرح ہم نے کورونا ویکسین پر زور دینا ہے تاکہ ہم اس وبا سے نکل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف تمام پاکستانیوں کو اس وبا سے خطرہ ہے تو دوسری جانب ہم تین سالوں سے ایک حکومت کا مقابلہ کرتے آ رہے ہیں اور اس حکومت کو سلیکٹڈ کا نام اپنے ہی دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہماری انتخابی مہم ہی اس بات پر مبنی تھی کہ ان قوتوں کا مقابلہ ہے جن کی یہ کوشش ہے کہ کٹھ پتلی نظام لے کر آئیں لیکن اس نظام کو لانے کا مقصد کیا ہے؟۔

انہوں نے کہاکہ اس کٹھ پتلی نظام کو لانے کا مقصد یہ ہے کہ شہید شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 30سالہ جدوجہد کے نتیجے میں آپ نے ذوالفقار علی کے 1973 کے جس آئین کو بحال کیا اور جو کامیابیاں حاصل کیں، ان کو ختم کیا جا سکے اور اس کے لیے سازشیں آج بھی جاری ہیں۔

Related Posts