ٹیم آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا ہے کہ مانتا ہوں مجھے پاکستانی باؤلر یاسر شاہ 7 بار آؤٹ کرچکے ہیں، لیکن میں ان کے چیلنج پر زیادہ پریشان نہیں جبکہ اگلی بار اچھا کھیل پیش کروں گا۔
پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 580 رنز کی واحد ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس کے دوران اسٹیون اسمتھ صرف 4 رنز بنا کر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
مایہ ناز پاکستانی باؤلر یاسر شاہ نے اسٹیون اسمتھ کو نہ صرف آؤٹ کیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے 7 کا عدد بنایا جو انہیں ایک پیغام تھا کہ: آپ میرے ہاتھوں 7ویں بار آؤٹ ہو رہے ہیں۔
آسٹریلین کھلاڑی اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ برسبین میں یاسر شاہ کی باؤلنگ شاندار تھی لیکن انہیں وکٹ سے بھی ڈرفٹ اور اسپن ملا لیکن اگلے میچ میں شاید ایسا نہ ہو۔ کوشش ہوگی کہ انہیں اچھے طریقے سے کھیلوں۔
جب اسٹیون اسمتھ سے پوچھا گیا کہ 7 کا عدد بنانے والا اشارہ کیسا لگا؟ تو انہوں نے اشارے کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چند مرتبہ مجھے آؤٹ کرنے والے یاسر شاہ کے خلاف میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آؤٹ ہوا۔
اسٹیون اسمتھ نے تسلیم کیا کہ یاسر شاہ کے سامنے کھیلتے ہوئے انہوں نے خود غلطی کی۔ انہوں نے کہا کہ چند موقعوں پر میں نے عجیب و غریب شاٹس کھیلے اور شاید اسی وجہ سے آؤٹ بھی ہوگیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی کی صلاحیتیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان ٹیم برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچ چکی ہے جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے کھیلے گی۔
ٹیم پرفارمنس کے حوالے سے گزشتہ روز کپتان اظہر علی نے کہا کہ تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں ، پہلے ٹیسٹ میچ میں جو خامیاں رہیں ان پر دوسرے میچ میں قابو پائیں گے۔
مزید پڑھیں: کپتان اظہر علی کا ہر کھلاڑی کی صلاحیتیوں پر اعتماد کا اظہار