کراچی :سندھ اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے نئی پالیسی جاری کردی گئی، 6جولائی سے نفاذ بھی کردیا گیا،اساتذہ ای پورٹل پر اپنے تبادلے کےلئے درخواست دے سکیں گے ، ای پورٹل کے ذریعے 15روز تک اساتذہ تبادلے کراسکیں گے ، اس پالیسی کی وجہ سے اساتذہ کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
حکومت سندھ کی کابینہ سے منظوری کے بعد شروع کی جانے والی ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت تین زونز بنائیں گئے ہیں۔ ریڈ زون،ا گرین اور یلو (پیلا) زون ہوگا۔صرف ریڈ زون کے اساتذہ ہی اپنا تبادلہ گرین زون میں کروا سکیں گے جس کی وجہ ریڈ زون میں اساتذہ طلبہ کے مقرر کردہ تناسب سے زیادہ ہونا ہے۔
یلو (پیلا)زون میں اساتذہ مقرر کردہ تناسب کے تحت ہوں گے اور وہاں سے وہ ریڈ زون میں نہیں جاسکیں گے ۔البتہ وہ گرین زون میں اس وقت جا سکتے ہیں جب ریڈ زون سے اساتذہ اس زون میں اپنا تبادلہ کروائیں گے اور یہاں پر تعداد مقرر کردہ تناسب سے زیادہ ہوجائے جبکہ گرین زون میں اساتذہ کی تعداد مقرر شدہ تناسب سے کم ہے، اس لیے ریڈ زون والے اساتذہ اس زون میں باآسانی اپنا تبادلہ کروا سکیں گے۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے محکمہ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ میں اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتی کےلئے بنائی گئی ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز کردیا ہے ، اس افتتاحی تقریب میں سیکریٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی تحسین فاطمہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سید محمد فرخ وارثی، پرویز علی تونیو اور دیگر موجود تھے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر کے 32 تعلیمی بورڈز کیلئے سافٹ وئیر تیار، طلبہ فیس آن لائن جمع کراسکیں گے