وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ سندھ کیلئے نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کریں گے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2ہزار76 کورونا کیسز رپورٹ، مزید 19افراد جاں بحق
صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2ہزار76 کورونا کیسز رپورٹ، مزید 19افراد جاں بحق

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ صوبے  کے نئے مالی سال کیلئے  12 کھرب 50 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کریں گے جس میں مختلف شعبہ جات کیلئے خطیر رقوم مختص کی جائیں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق ساڑھے 12 کھرب کے بجٹ کی منظوری سندھ اسمبلی کے بجٹ سیشن سے قبل صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے لی جائے گی جبکہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اورپنشن کے معاملات بھی شامل ہوں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ اجلاس کے دوران تنخواہوں اور پنشن سمیت دیگر اہم امور پر فیصلے کیے جائیں گے جن کا اثر بجٹ پر براہِ راست ہوگا۔

سندھ حکومت کو شکوہ ہے کہ وفاق سے رواں مالی سال کیلئے فنڈز کم ملے ہیں جبکہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے سے بجٹ کا خسارہ ریکارڈ حد تک زیادہ ہوسکتا ہے۔

مالی سال 21-2020ء کیلئے ترقیاتی اخراجات 233 ارب روپے رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات 10 کھرب 25 ارب تک ہوسکتے ہیں۔

صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے مالی سال کے دوران محکمۂ صحت کے علاوہ کسی اور محکمے میں نئے ملازمین کو بھرتی نہیں کیا جائے گا تاکہ بھرتیوں سے متعلق اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔

بجٹ میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے 10 ارب، نئے ہسپتالوں کی تعمیر و اَپ گریڈیشن کیلئے 23 ارب، سیکنڈری اسکولز کی بحالی کیلئے 13 ارب، تعلیمی ترقیاتی اخراجات کیلئے 50 ارب جبکہ ریڈ لائن بسز کیلئے 3 ارب مختص کرنے کی تجاویز زیرِ غور ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کی صوبائی حکومت نے مالی سال 21-2020 کے لیے پنجاب کا تقریباً 22 کھرب 40 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا ، بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی کی گئی۔

صوبائی وزیر خزانہ ہاشم بخت جوان نے 2 روز قبل  صوبائی اسمبلی میں تقریر کے دوران بتایا کہ ایک کھرب 6 ارب روپے کورونا ریلیف کے لیے مختص کیے گئے، تاکہ کورونا مریضوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

مزید پڑھیں: مالی سال 21-2020 کیلئے پنجاب کا بجٹ پیش کردیا گیا

Related Posts