کراچی: سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے شہریوں کیلئے نیپرا نے ایک بار پھر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کےلیے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ 2022 کی ایڈجسمنٹ کی مد میں وفاقی حکومت کی درخواست پر کیا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ سے ہوگا۔
آئی ایم ایف کا آئندہ بجٹ میں سپر ٹیکس ختم نہ کرنے کا مطالبہ
اعلامیے کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مئی،جون اور جولائی سنہ 2022 کے بلوں میں وصول کیا جائے گا، اضافےکااطلاق لائف لائن کے علاوہ دیگرتمام صارفین پر ہوگا۔
دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیپرا کو درخواست جمع کروادی ہے۔ سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کی گئی۔
درخواست کے مطابق اپریل کے مہینے میں 9 ارب 73 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیداوار پر 101 ارب روپے لاگت آئی، گزشتہ ماہ فرنس آئل سے 23 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے 23 روپے 83 پیسے بجلی پیدا کی گئی اور ایران سے 23 روپے 44 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔