عوام لاک ڈائون کی پابندی کریں ورنہ کرفیو لگانا پڑے گا، ناصر شاہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

nasir hussain shah
nasir hussain shah

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی :سندھ کے وزیر اطلاعات ، بلدیات ، جنگلات ، ہائوسنگ اور ٹائون پلاننگ اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے لاک ڈائون پر عمل کریں۔

لاک ڈائون کا فیصلہ عوام کی بھلائی اور بہتری کے لئے کیا گیا ہے جسے کرفیو کا نام دیا جارہا ہے اگر عوام نے لاک ڈائون پر عمل در آمد نہیں کیا تو ہمیں ان کی حفاظت کے لئے سخت فیصلے کرنے پڑیں گے اور عوام محتاط نہ ہوئے تو کرفیو بھی لگایا جاسکتا ہے تاہم کرفیو کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔

اس بات کا اظہار انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتی لاک ڈائون کا فیصلہ ان کی اپنی بھلائی کے لئے کیا گیا ہے تاکہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو اس وبائ سے بچایا جاسکے ۔ اب یہ گھر والوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو روکیں کہ وہ لاک ڈائون کی پابندی کریں۔

اجلاس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں صوبائی وزرا ، مشیران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ سوشل ویلفیئر آگنائزیشن کے نمائندے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کا ڈاکٹر اسامہ ریاض کو قومی ہیرو کا درجہ دینے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ حکومت کو فکر ہے کہ کسی کا چولہا بند نہ ہو اس لئے مخیرحضرات غریب افراد کی مدد کریں یہ مشکل وقت ہے اور مشکل وقت قوموں پر آتا رہتا ہے ہمیں ایک د وسرے کی مدد کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ یومیہ اجرت پیشہ افراد اور مستحقین کی ہر ممکن مدد کی جاسکے ۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک موبائل سروس شروع کی جائے گی اور ایس ایم ایس کے ذریعے مستحقین میں راشن پہنچایا جائے گا اس کے علاوہ مختلف تجاویز بھی زیر غور ہیں اور جو تجویز بہتر ہوگی وہ اختیار کرلی جائے گی تاہم عوام کی خدمت کے لئے مخیر حضرات کو بھی آگے آنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ عوام تک مالی امداد اور مالی رسد کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اوروزیر اعلیٰ کے کو آڈینیٹر حارث گذدر شامل ہوں گے کمیٹی یہ طے کرے گی کہ راشن کہاں تقسیم کیا جائے اور کہاں رقم پہنچائی جائے ۔ راشن میں کتنی چیزیں ہوں اور رقم کتنی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی اشیا ضروریہ عوام تک پہنچائیں گے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے فلاحی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جو فلاحی کام کر رہے ہیں وہ جاری رکھیں سندھ حکومت تمام فلاحی تنظیموں سے مل کر عوام کی مدد کرنے کے لئے کام کر رہی ہے ۔

Related Posts