مسلم لیگ ق کی رہنما پروین سکندرگل کے قاتل کوپولیس نے فنگرپرنٹس کی مددسےگرفتارکرلیا، مبینہ طور پر سابق ایم پی اے کے قتل میں ان کا اپنا ہی پرانا ملازم ملوث ہے۔
پولیس کے مطابق پروین سکندر کو ان کے سابق ملازم نے قتل کیااور پولیس نےملزم کوگرفتار کرلیا ہے، ملزم نے لالچ میں آکر سابق ایم پی اے کا قتل کیا، قاتل مصطفیٰ کو فنگرپرنٹس کی مدد سے گرفتار کیاگیا۔
پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اسی نے پروین سکندر کو قتل کیا تھا، ملزم چوری کی غرض سے پروین سکندر کے گھر داخل ہواتھا لیکن مقتولہ نے ملزم کو دیکھ لیا، جس پر ملزم نے اپنے بچاؤ اور پیسوں کی لالچ میں پروین سکندر کو قتل کردیا اور چوری کے بعد باآسانی فرار ہوگیا۔
رواں ماہ 5 ستمبر کو مسلم لیگ ق کی رہنما پروین سکندر گل کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا تھا، مقتولہ ماضی میں پنجاب اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں، سابق ایم پی اے پروین سکندر 60 سال کی تھیں اور وہ اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔
مقتولہ پروین سکندر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پروین سکندر گل کی موت سر پر لگنے والی ضرب سے ہوئی۔ پروین سکندر گل کے سر پر آہنی ہتھیار سے 2 وار کیے گئے، ان کے سر پر ضربیں موت کا باعث بنی تھیں۔