کراچی: مفتی تقی عثمانی نے فتویٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف جنگ کرنے والے باغی ہیں جبکہ اسلامی شریعت نے اس فعل کو حرام قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیغام پاکستان قومی کانفرنس سے ورچؤل خطاب کے دوران مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ریاست کے خلاف مسلح سرگرمی بغاوت کے زمرے میں آتی ہے جبکہ اسلامی قانون کے مطابق یہ حرام ہے۔
حکومت سود کے خاتمے کیلئے کوششیں کرے، مفتی تقی عثمانی
متشدد انتہا پسندی، نفرت آمیز تقریر کا مقابلہ کے موضوع پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کے دوران مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ٹی ٹی پی بھی پاک فوج کے خلاف جنگ کر رہی ہے۔
کانفرنس سے خطاب کے دوران مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ خود کو تحریکِ طالبان (پاکستان) کہنے والے ٹی ٹی پی کے دہشت گرد خلافِ ریاست سرگرمیوں میں ملوث اور قوم کے باغی ہیں۔فتوے کی تائید کانفرنس میں موجود تمام طبقہ ہائے فکر نے کی۔
خطاب کے دوران مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ قومی سکیورٹی اداروں کے خلاف جنگ کرنا اور ریاست مخالف سرگرمیوں کا جہاد سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ایسی سرگرمیاں بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ قیادت وفاقی حکومت کو سود کے خاتمے کے لیے عملی کوششیں کرنی چاہئیں۔
مفتی تقی عثمانی نے نومبر 2022 میں سود کے خاتمے سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سود کے خاتمے سے متعلق عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں جبکہ سفارشی کمیشن کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔