کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک انصاف تینوں نے کچرے پر سیاست کی۔ کراچی کے کچرے پر اس وقت پی ایس پی اور ایم کیو ایم کی لڑائی جاری ہے۔
شہر قائد میں صفائی کے مسائل پر وزیر اعلیٰ سندھ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں بنی۔ اس وقت چار ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا تھا جو اب چار گنا بڑھ چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مصطفٰی کمال نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کردیا
مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں صفائی کا انتظام معقول نہیں ہے۔ انتظامی طور پر مدد کرنے کے لیے وزارتِ اعلیٰ کی طرف سے ڈی سیز کو بھی ہدایت کی گئی اور شہر کی صفائی کے لیے وہ بھی کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کچھ جگہوں سے کچرا اٹھا کر سڑکوں کے قریب کھپادیا۔ کے ایم سی حکومت سندھ کی ہدایت کے تحت فیومیگیشن کر رہی ہے۔ ہم سندھ بیراج کی تعمیر کے لیے وفاق کے ساتھ مل بیٹھ کر کام کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ابھی تک سی سی آئی اجلاس طلب نہیں کیا۔ میں نے ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اجلاس بلانے کے لیے درخواست دی ہے جس کے جواب کا انتظار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر نے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کوایک روز قبل ہی پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کرنے کے بعد ڈرامائی انداز میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
شہر قائد میں مصطفیٰ کمال جیسے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج کے آنے کے بعد شہریوں کو امید ہو چلی تھی کہ شاید اِس بار صفائی ستھرائی کے کام کا سنجیدگی سے آغاز ہوگا لیکن یہ امید اگلے ہی دن میئر کراچی نے ختم کردی جبکہ مصطفٰی کمال یہ کہہ چکے تھے کہ وہ تین ماہ میں شہر کو صاف کردیں گے اور دن رات کام کریں گے۔
مزید پڑھیں: میئر کراچی وسیم اختر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج مصطفٰی کمال کو عہدے سے ہٹا دیا