آج تک تو پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، کل کا پتہ نہیں۔متحدہ قومی موومنٹ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آج تک تو پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، کل کا پتہ نہیں۔متحدہ قومی موومنٹ
آج تک تو پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، کل کا پتہ نہیں۔متحدہ قومی موومنٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کا کہنا ہے کہ ہم آج تک تو پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم کل کے متعلق کچھ علم نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی ظہرانے میں شرکت نہ کرنے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ظہرانے کا دعوت نامہ تاخیر سے ملا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ رہنما پی ٹی آئی سے مسلسل ناراض ہیں جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے اب تک کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق وعدوں پر عمل میں ناکامی پر ایم کیو ایم رہنما ناراض ہیں اور اسی لیے انہوں نے ظہرانے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم گورنر سندھ کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی سے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی بھی ہوئی۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی مشاورتی اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق پی پی پی نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کیلئے سندھ میں سینیٹ کی 2 نشسوں کی پیشکش کی۔ تاحال ایم کیو ایم رہنماؤں نے اس پر رضامندی یا انکار سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ آج تک تو پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں تاہم کل کے متعلق کچھ نہیں کہاجاسکتا۔

ظہرانے میں شرکت نہ ہونے پر وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پی ٹی آئی سے کوئی ناراضگی نہیں۔ ایک اجلاس کے دوران عامر خان کا کہنا تھا کہ متحدہ کے 7 ووٹوں سے بڑی سیاسی جماعتوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ سینیٹ اجلاس پر رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

گزشتہ روز بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ایم کیو ایم پاکستان وفد کی ملاقات ہوئی۔ متحدہ رہنماؤں نے عمران اسماعیل کو اراکینِ اسمبلی کے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا جبکہ فیصل سبزواری اور رکنِ اسمبلی خواجہ اظہار وفد کا حصہ تھے۔ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پولیس اراکینِ اسمبلی کی سیکیورٹی واپس لے چکی ہے۔

اراکینِ اسمبلی سے سیکیورٹی واپس لیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ ہمارا پیغام وزیرِ اعظم عمران خان تک پہنچایا جائے۔ حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر اراکینِ اسمبلی کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ گورنر سندھ نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی۔ 

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا یو ٹرن، سپریم کورٹ کی رائے زبردست ہے۔فیصل جاوید

Related Posts