پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے منجھے ہوئے فنکار اور اسٹیج اور ٹی وی پر بے مثال شہرت پانے والے معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے آج 9 برس مکمل ہو گئے ہیں۔
سن 1966ء میں پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی یومِ دفاع کی تقریب سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے معین اختر نے کامیڈی کے میدان میں جو شہرت سمیٹی، وہ اپنی مثال آپ ہے۔
معین اختر کا نام پاکستان کی کامیڈی انڈسٹری کے ان چند فنکاروں میں شمار کیاجاتا ہے جنہیں آپ انگلیوں پر گن سکتے ہیں جبکہ وہ انور مقصود اور بشریٰ انصاری کی ٹیم کا حصہ تھے۔
نقالی، اسٹیج ڈراموں میں کام، ٹی وی ڈراموں میں کردار پر مبنی اداکاری اور اسٹینڈ اَپ کامیڈی سمیت معین اختر نے ڈرامہ انڈسٹری کے مختلف شعبہ جات میں خوب کام کیا۔
روزی کے کردار کو آج بھی یاد کیاجاتا ہے جبکہ معین اختر نے ایسے متعدد کرداروں میں اپنے فن کی چھاپ چھوڑی۔ معین اختر شو اور گستاخی معاف جیسے کامیڈی شوز بھی معین اختر کا نصیب ٹھہرے۔
ہر کردار میں معین اختر نے ناظرین و سامعین کے دلوں کو لبھایا اور ان کی خوب داد سمیٹی۔ آج ان کی 9ویں برسی کے موقعے پر عوام الناس ان کے لیے دُعاگو ہیں۔