صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غاصب بھارت کی مودی حکومت مظلوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے جبکہ عالمی برادری کو مسئلۂ کشمیر اقوامِ متحدہ قراردادوں کے مطابق حل کروانا چاہئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قطر کے امیری کمانڈر میجر جنرل حضا بن خلیل بن منصور الشاہوانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قطر ی حکومت بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرنے میں پاکستانی کوششوں میں مدد دے سکتی ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیر میں شہریوں کی آزادیاں معطل کر دی گئیں اور ان کے انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں جبکہ بین الاقوامی برادری کو مسئلے کے حل کے لیے آگے آنا ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی تمام اقلیتوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جسے بھارت اپنا اٹوٹ انگ کہتا ہے۔
اس موقعے پر قطری امیری گارڈ کے کمانڈر نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ایک تلوار پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کی ہر سطح پر مدد اپنا مذہبی فرض سمجھتا ہے۔
قطری امیری گارڈ کمانڈر سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیکورٹی معاملات میں پاک فوج وسیع تجربہ رکھتی ہے۔ انہوں نے فٹ بال کے عالمی کپ 2022ء میں پاکستان کی طرف سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
پاک قطر تعلقات کے حوالے سے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اسلامی و برادرانہ تعلقات اور بھائی چارہ قائم ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جب تک کشمیر جیسے اہم مسائل حل نہیں ہوتے خطے میں مشکلات رہیں گی،قوام عالم کو اپنے مفادات کی بجائے انسانیت کے اجتماعی مفاد کی بنیاد پر فیصلے کرنے چاہئیں۔
جنوبی ایشیاء مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیاء میں امن و ترقی کے موضوع پر 13 نومبر کو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اچھے ہمسائے ایک نعمت ہوتے ہیں اور امن وسلامتی کا انحصار اچھے تعلقات پر ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر جیسے مسائل حل نہ ہوئے تو خطے میں مشکلات رہیں گی، ڈاکٹر عارف علوی