کراچی: حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقعے پر سندھ حکومت نے شہرِ قائد سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی نافذ کردی ہے جبکہ جلوسوں اور مجالس کے اطراف میں موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ داخلہ سندھ نے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقعے پر صوبے بھر میں پابندی گزشتہ شب 12 بجے سے نافذ کردی ہے جو آج شب 12 بجے تک جاری رہے گی۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے، صحافی، بزرگ، خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
حکومتی فیصلے کے تحت صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں بشمول حیدر آباد، میر پور خاص، سکھر، لاڑکانہ اور خیر پور میں موبائل سروس بھی جلوس کے راستوں اور مجالس کے اطراف میں صبح 10 سے رات 10 بجے تک بند رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ شاہِ جوانانِ جنت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اہلِ خانہ سمیت 72 شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جارہا ہے جس کے جلوس پاکستان بھر میں نکالے جائیں گے۔
ملک بھر میں تعزیوں، علم اور ذوالجناح کے جلوس نکلیں گے، شہرِ قائد کا مرکزی جلوس 1 بجے دوپہر کے وقت نشتر پارک سے شروع ہو کر حسینیاں ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔
مزید پڑھیں: کربلا کے عظیم شہداء کا چہلم، جلوس آج نکالے جائیں گے