کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی 2 کم عمر لڑکیاں لاہور میں مل گئیں۔
پولیس اور دیگر ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق کورنگی کی رہائشی 14 سالہ کنزہ اور نائلہ گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھیں۔ لواحقین نے بتایا کہ نائلہ کورنگی میں اپنی دوست کنزہ کے گھر گئی تھی جہاں سے وہ دونوں لاپتہ ہوگئیں۔
کنزہ کے والد محمد جنید نے زمان ٹاؤن تھانے میں درج کرائی گئی شکایت میں بتایا کہ دونوں لڑکیاں گھر میں موجود تھیں۔ بعد ازاں ہفتے کی شام پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق میں نے لڑکیوں کو چھت پر جانے سے پہلے دیکھا تھا لیکن جب واپس آیا تو وہ دونوں نیچے نہیں تھیں، دیگر گھروالوں سے جب اُن کی گمشدگی کے بارے میں معلوم کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ باہر چلی گئی ہیں۔ لیکن کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود بھی لڑکیاں واپس گھر نہیں آئیں۔
پولیس کے مطابق دونوں خاندانوں نے لڑکیوں کو تلاش کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ انھیں نہیں ملیں۔ بعدازاں انہوں نے پولیس کو اطلاع دی اور کنزہ کے والد جنید کی جانب سے زمان ٹاؤن تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا۔
تاہم آج ایس ایس پی ساجد سدوزئی نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں لڑکیاں پنجاب میں ریلوے پولیس کی تحویل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں لڑکیوں کو لینے کیلئے کراچی پولیس کی ایک ٹیم لاہور گئی ہے۔