دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹی 20اورٹیسٹ ٹیم کااعلان، سرفرازجگہ بنانے میں ناکام

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

misbah ul haq
دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹی 20اورٹیسٹ ٹیم کااعلان ،سرفرازجگہ بنانے میں ناکام

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کے لئےٹیموں کااعلان کردیاگیا، سابق کپتان سرفرازاحمد دونوں فارمیٹ میں جگہ نہ بناسکے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں ہے، کوشش کریں گے اس ٹور سے فائدہ اٹھائیں، بطور چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ میری خواہش ہے کہ ہم آسٹریلیا میں جا کر اچھی کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہے اور ٹیم میں ایسے سرپرائز پیکج رکھنے کی کوشش کی ہے جس کے ذریعے آسٹریلیا کو چیلنج کیا جاسکے،دونوں ٹیموں میں نوجوان کھلاڑی شامل کیے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرکٹ کھیلنی ہے تو ہمارے کھلاڑی بہترین ہونے چاہئیں، ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا سرفرازاحمد ڈومیسٹک میں پر فارم کریں اور ٹیم میں واپس آجائیں، سرفراز احمد کے پاس اپنی فارم کو بحال کرنے کا موقع ہے، ان کیےلیےکرکٹ کے دروازے کھلے ہیں، عثمان قادر کو شاداب خان کے بیک اپ کے طور پر لائے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ آسٹریلیا میں پرفارم کرے جبکہ کپتانی پر چیئرمین اور ایم ڈی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا، کپتانی کا حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی نے کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب حالیہ ڈومیسٹک میچوں میں ٹیموں کے ساتھ موجود کوچز اور سلیکٹرز کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا، یقین ہے کہ جس ٹیم کو منتخب کیا ہے وہ آسٹریلیا میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔

مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ہمارے پاس کمبی نیشن بنانے کا وقت ہے، اسی لیے حکمت عملی یہ بنائی ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں،امام الحق کی ٹی ٹوئنٹی میں شمولیت کی وجہ ان کی ڈومیسٹک پرفارمنس ہے،ساتھ فخر زمان کو رکھا ہے اور اس کی جوڑی بابر کے ساتھ رکھی ہے۔

3 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخرزمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

2 ٹیسٹ میچوں کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم میں، اظہر علی(کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

Related Posts