معروف عالم دین مولانا طارق جمیل اور تبلیغی جماعت میں اختلافات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، اس سلسلے میں مولانا طارق جمیل کے ویریفائیڈ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اب ایک وضاحت جاری کی گئی ہے۔
ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا طارق جمیل کی کسی تقریر کو نہ کسی سیاسی جماعت نے روکا ہے، نہ ہی اس معاملے میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی عمل دخل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اندرونی اور ’تبلیغ والوں‘ کی نا اہلی کا معاملہ ہے۔
بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام وی لاگرز اور یوٹیوبرز سے گزارش ہے کہ غیر مصدقہ باتوں کو پھیلانے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ اس تنازع کے آغاز مولانا طارق جمیل کے ایک وائرل وائس کلپ سے ہوا تھا، جس میں مبینہ طور پر ان کی طرف سے مانسہرہ کے تبلیغی اجتماع میں بیان سے روکے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔
اس کلپ کے وائرل ہونے کے ساتھ ہی مولانا طارق جمیل کے حق اور مخالفت میں سوشل میڈیا پر بحثوں کا بازار گرم ہے۔