اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ ہم ملک کو بچاناچاہتے ہیں اور ملک کو بچانے آئے ہیں لہٰذا ملک بچانا ہے تو حکمرانوں کو مزید دن نہیں دے سکتے، جتنے دن دیں گے تو پاکستان اس حساب سے گرتا جائے گا۔
سربراہ جمعیت جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ میرےلیے تکلیف دہ مرحلہ تھا جب کارکن بارش میں بھیگ رہے تھے۔ بارش میں کارکنوں کی استقامت کوسلام پیش کرتاہوں، یہ بارش حکمرانوں کے لیے بھی ایک پیغام تھا کہ یہ اجتماع تماش بینوں کا اجتماع نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ ملک اس وقت مالیاتی بحران کا شکار ہے، اگر اگلا بجٹ بھی نااہل حکمرانوں کے سپرد کر دیا گیا تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا، ایک سال میں 3 بجٹ پیش کرکے محصولات کا ہدف حاصل نہیں کر سکے، اگر اگلا بجٹ یہ پیش کریں گے تو ہماری معیشت کا جہاز سمندر میں غرق ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان حکمرانوں کا بوجھ برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہے۔ ملک کا بہت نقصان ہوگیا، مزید نقصانات کے متحمل نہیں ہو سکتے،موجودہ حکمرانوں کوایک دن بھی برداشت نہیں کرسکتے، ناکام حکومت کوگرانے کے لیے ہم یہ مشقت برداشت کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: بارش سے پریشان شرکائے آزادی مارچ کے لیے وزیر اعظم کا اہم اقدام