مکہ مکرمہ: مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز ہوگیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مکہ مکرمہ: مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز ہوگیا
مکہ مکرمہ: مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز ہوگیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

مکہ مکرمہ : مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز ہو گیا ہے۔ منیٰ میں قیام کے لیے عازمین حج آج پہنچیں گے، دوسری جانب مکہ مکرمہ کی انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار ملکی اور غیرملکی شہری اس سال حج کا فریضہ ادا کریں گے۔ اس مرتبہ خصوصی انتظامات کرتے ہوئے منیٰ سے میدان عرفات تک اور مزولفہ سے پیدل روانگی کی بجائے بسوں کے ذریعے سفر کیا جائےگا۔ پیر کے روز رکن اعظم وقوف عرفہ اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا۔

ترجمان وزارت حج و عمرہ انجینئر ہشام سعید کے مطابق عازمین حج کے قافلے حرم مکی میں طواف قدوم کیلئے روانہ ہو چکے ہیں، حرم مکی میں داخلے سے قبل النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الہدا مراکز میں عازمین کا استقبال ہوا، جہاں سے وہ طواف قدوم کیلئے مسجد حرام روانہ ہو گئے ہیں۔

انجینئر ہشام سعید کے مطابق حرم مکی آمد سے قبل چھ ہزار عازمین پر مشتمل گروپس تشکیل دیئے گئے تھے، انہیں ہر 3 گھنٹے بعد طواف قدوم کیلئے مسجد الحرام روانہ کیا جا رہا ہے۔

مسجد کی انتظامیہ نے زائرین کے مسجد الحرام میں داخلے کے  لیے 262 دروازوں پر انتظامات کیے ہیں۔ ان میں سے تیرہ معذوروں کے لیے ہیں۔ 24 گھنٹے 69 دروازے کھلے رہتے ہیں۔ جمعے کے دن مزید دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔تین ہزار الیکٹرانک چیئر اور 5 ہزار ویل چیئر کا انتظام کیا گیا ہے۔ ویل چیئر کی بکنگ ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے یا صفا پر موجود کاؤنٹر سے براہ راست چیئر حاصل کی جا سکتی ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے منصوبے کے مطابق طواف قدوم کا پہلا مرحلہ آج رات نو بجے تک جاری رہے گا، النواریہ مرکز پر پہنچنے والے عازمین حج شاہ عبدالعزیز اسٹیشن کے قریب جمع ہوں گے اور وہاں سے گروپ کی شکل میں حرم روانہ کئے جائیں گے۔

سعودی وزرات حج و عمرہ کے مطابق الشرائع مرکز پہنچنے والے عازمین اجیاد الصافی اسٹیشن جبکہ النسیم مرکز پہنچنے والے عازمین اجیاد الصافی میں اکٹھے ہوں گے تاہم ان کی آمد ورفت کے راستے الگ الگ ہوں گے۔

سعودی حکام کے مطابق ایک دن میں 48 ہزار حجاج کرام مسجدالحرام کے قریب جمع ہو سکیں گے۔ طواف قدوم کی تکمیل کے بعد عازمین حج مسجدالحرام سے نکلیں گے ، 200 بسوں کے ذریعے ایک وقت میں دو ہزار عازمین کو ہر تین گھنٹے بعد جمرات پل تک پہنچایا جائے گا، وہاں سے عازمین حج منیٰ پہنچیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس مزید 21 افراد کی زندگیاں لے گیا، 2ہزار 607نئے کیسز رپورٹ

Related Posts