صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اہلِ وطن کو پیغام دیا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم یہ یقینی بنانا چاہئے کہ خصوصی لوگ ہماری زندگی کا عملی حصہ بنیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج مجھے خاص طور پر بہت باہمت و جرات مند افراد کی صحت سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس موقعے پر قوم کو خصوصی افراد کو زندگی کا عملی حصہ بنانے کی دعوت دیتا ہوں جبکہ خصوصی افراد کو اسکولوں اور کام کرنے کی جگہوں تک رسائی کے یکساں مواقع میسر ہونے چاہئیں۔
آج خاص طور پہ بہت باہمت اور جرات مند لوگوں کی صحبت سے لطف اندوز ہونے کا ایک موقع ملا ۔ ہمیں بحیثیت قوم یہ یقینی بنانا چاہئے کہ خصوصی لوگ ہماری زندگی کا عملی حصہ بنیں جہاں انہیں اسکولوں اور کام کرنے کی جگہوں تک رسائی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ https://t.co/O6NRcCmrvB
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) December 29, 2019
ٹوئٹر پیغام میں صدرِ مملکت نے 5 روز قبل کیا گیا خطاب شیئر کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ میرے لیے ایسے افراد کی تقریب میں شرکت عزت افزائی کی بات ہے۔ جو ہمت میں نے خصوصی افراد میں دیکھی، وہ عام افراد میں نہیں پائی جاتی۔
خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خدا پتھر میں بھی جان ڈال سکتا ہے، اس نے آپ کو وہ ہمت دی کہ آپ معذوری کے ساتھ بھی ہمت سے جی سکیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کائنات کا ہر ذرہ خدا کا شکر ادا کرتا ہے۔ اللہ نے سب کو ایک جیسے جذبات کے ساتھ پیدا کیا۔ ہم دیکھتے ہیں کون کتنا کماتا ہے، حالانکہ زندگی بے حد محدود ہے۔ اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانوں کو تولنے کا معیار محبت ہونا چاہئے، نہ کہ دولتِ دنیا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ مجھے قرض دو۔ پاکستان کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہاں مخیر حضرات اور ہمدردی کا جذبہ بے انتہا ہے۔ اسی وجہ سے یہ ملک چل رہا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں انسانوں کے درمیان ہمدردیاں پائی جاتی ہیں۔ پاکستان میں زلزلہ آیا تو لوگ ہزاروں کی تعداد میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے گئے۔ اس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا، یہ قوموں کی طاقت ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 25دسمبر کے دن مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں بسنے والے بالخصوص پاکستانی مسیحیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ٹوئٹر پر4 روز قبل اپنے پیغام میں صدرِ مملکت عارف علوی نے کہا کہ یہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یومِ پیدائش ہے جن کے مطابق انہوں نے اپنے مقلدین کے لیے امن چھوڑا۔
مزید پڑھیں: صدرِ مملکت کی دنیا بھر میں مسیحی برادری کو مبارکباد