لاہور/پشاور: کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز زیرِ غور ہے جبکہ کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پہلے ہی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں حتمی فیصلے ہوں گے کہ ملک کے کن صوبوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے، تاہم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پنجاب کی بزدار سرکار صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کر رہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی سخت لاک ڈاؤن کا امکان ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلے این سی او سی اجلاس میں کیے جائیں گے۔ وفاق کی مشاورت سے صوبائی حکومتیں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے متعلق فیصلہ کریں گی۔
قبل ازیں اسلام آباد، لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ لاہور کے مزید 27 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ فیصل آباد کے 19، گجرات کے 4اور ملتان کے 2 علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی پرمتعدد دکانیں سیل،درجنوں شہری گرفتار