لاہور: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206 کیلئے خانیوال میں ضمنی الیکشن شروع ہوگیا، پولنگ کا آغاز کردیا گیا ہے جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ن لیگی رکنِ پنجاب اسمبلی کے انتقال پر خالی ہونے والی نشست کیلئے پولنگ میں 23 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
خانیوال میں ضمنی الیکشن مہم کا وقت ختم، پیپلز پارٹی امیدوار کے گھر پر حملہ
سستے پاکستان کا پراپیگنڈاکرنے کے بجائے منی بجٹ واپس لیں،شہبازشریف
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206 میں ضمنی انتخاب کیلئے 183 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشن پر الیکشن کیلئے سامان کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
حلقے میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے رکنِ پنجاب اسمبلی کی نشست کیلئے بیگم نورین نشاط میدان میں اتر چکی ہیں۔
ن لیگی امیدوار رانا محمد سلیم حنیف اور پیپلز پارٹی امیدوار رانا میر واثق شرجیس حیدر بھی مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ ٹی ایل پی کیلئے شیخ محمد اکمل بھی میدان میں اتر گئے۔
خانیوال پی پی 206 کی نشست ن لیگی رکنِ اسمبلی نشاط ڈاہا کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حساس پولنگ اسٹیشنز میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردئیے گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پی پی 206 میں ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا۔ پولنگ کی تیاریاں عروج پر رہیں جبکہ سیاسی گہما گہمی کے دوران پیپلز پارٹی امیدوار کے گھر پر حملہ بھی ہوا۔
ماضی میں خانیوال میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206 میں 2018 کے انتخابات میں ن لیگ کے نشاط احمد نے 51 ہزار 353 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔گزشتہ روز سے قبل انتخابی مہم کے دوران نورین نشاط ڈاہا کا پلڑا بھاری نظر آیا۔