کراچی:شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ کے الیکٹرک نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا،بعض علاقوں میں رات بھر بجلی غائب ہونے سے شہریوں نے رات جاگ کر گزاری۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں گرمی کا پارہ 45ڈگری سینٹی گرید تک پہنچنے پر کے الیکٹرک نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا عزیز آباد، لیاقت آباد اور دستگیر میں رات بھر بجلی غائب رہی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے رواں موسم گرما میں کے الیکٹرک کو اضافی 4سو میگا واٹ ملنے کے باوجود کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا۔
پیر شہر کے مختلف علاقوں میں گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی بندش جاری رہی اور مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان رہے جبکہ بعض علاقوں میں عید کی چھٹیوں سے دو تین روز قبل ہی بجلی بند کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
تاہم اتوار کو زیادہ علاقوں میں بجلی بند رہنے کی اطلاعات موصول ہوئیں ان علاقوں میں گارڈن ویسٹ، عثمانآباد، غازی نگر، لیاقت آباد، سی ون ایریا، خیابان بدر، ڈی ایچ اے فیز ون ودیگر علاقے شامل تھے۔