اسرائیلی جارحیت غزہ کے بعد مغربی کنارے میں بھی جاری ہے۔ طولکرم پر 15 گھنٹے طویل بمباری سے شہر کے انفرا سٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ڈرون حملے کے نتیجے میں 7فلسطینی شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق طولکرم کے پناہ گزین کیمپ میں گھر پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید ہوئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کے دوران 2 بچوں سمیت 31 فلسطینی گرفتار ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے ایمبولینس میں جانے والے زخمی کو بھی گرفتار کر لیا۔ بلڈوزروں کے ذریعے 70 سے زائد گھر اور 80 دکانیں منہدم کردی گئیں۔ جبالیہ میں 12 رہائشی عمارات پر بمباری ہوئی جس سے مزید 31 فلسطینی شہید ہوگئے۔
القسام بریگیڈ کی 5 روزہ جنگ بندی کیلئے اہم پیشکش
دوسری جانب غزہ میں 7اکتوبر سے جاری جنگ میں 42صحافی جان کی بازی ہار گئے۔ 9 صحافی زخمی، 3 لاپتہ جبکہ 13 کو گرفتار کر لیا گیا۔ خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد شہید ہوئے۔
مقبوضہ فلسطین میں مسلسل 39روز سے جاری بمباری کے نتیجے میں 11 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے زیر انتظام پارلیمنٹ اور دیگر سرکاری عمارات پر قبضے کا دعویٰ کیا۔
حماس کی جانب سے پارلیمنٹ، سرکاری عمارات اور فلسطین کے بڑے پناہ گزین کیمپ الشاطئ پر قبضے کے دعوے مسترد کیے گئے ہیں۔ ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ عمارات پر خیالی قبضے اسرائیل کی جانب سے فتح کے اظہار کی ناکام کوشش ہے۔