کراچی: ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے بدھ کومزار قائد پر حاضری دی جبکہ پاکستان نیول اکیڈمی، پاک نیوی ڈاکیارڈ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی کی کراچی میں مختلف مصروفیات جاری ہیں۔ معزز مہمان نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول رکھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایرانی کمانڈر نے پاک بحریہ کے کمانڈر کراچی اور کمانڈر کوسٹ سے بھی ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بعد ازاں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ اور پاک بحریہ کے جنگی جہاز کا دورہ کیا،ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈی نیشن سینٹر اورپاکستان نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔
معزز مہمان نے بحری سیکیورٹی اور استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی دو روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔ ایرانی کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔