وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ چین اور اس دوران اہم کامیابیاں ملنے کے بعد بھارت کی بوکھلاہٹ سامنے آگئی ہے، بھارتی وزارت خارجہ کے جاری بیانئے سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ بھارت کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہورہی،بھارتی وزارت خارجہ کا بیان کہ مقبوضہ کشمیر ہمارا اندرونی مسئلہ اس میں کسی کو بولنے کا اختیار نہیں، بھارت کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے اس مسئلے کو اسی سال تین مرتبہ اٹھایا ہے۔
دوسری جانب بھارت میں مظلوم کشمیری مسلمانوں پر بھارت کے ظلم و جبر میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، کورونا وائرس کی آڑ میں کشمیریوں پر صحت کی سہولیات بھی تنگ کردی گئی ہیں، دوسری جانب متضاد قسم کے بیانات، آئے روز ایل او سی پر جنگ ورزی کی خلاف ورزیاں بھارت کا معمول بن گئی ہیں، چین سے لداخ میں شکست کھانے والا بھارت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا بھارتی بیانئے پر کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جموں و کشمیر کو خودساختہ اٹوٹ انگ قرار دینا مضحکہ خیز ہے، بھارتی بیان سلامتی کونسل کی قراردادوں اور تاریخی و قانونی حقائق کے برخلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں، سی پیک کے خلاف بھارتی پراپیگنڈے کو بھی مسترد کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے مایوس کن حد تک کوششیں کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا اس ایشو پر کوئی تاریخی، قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔
دوسری جانب بوکھلاہٹ کے شکار بھارت نے گزشتہ روز آبی دہشت گردی کرتے ہوئے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا،جس کے باعث دریائے چناب پر سلال ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک اونچی ہونے کے بعد ڈیم کے تمام سپل ویز کھول دئیے گئے۔ بھارت کے اس اقدام کے باعث ہیڈ مرالہ اتھارٹی سمیت محکمہ آبپاشی کے تمام حکام کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ کر دیا گیا ہے، 5 گھنٹوں میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح 76 ہزار کیوسک سے بڑھ کر ایک لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی۔
بھارت کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ وہ اس قسم کی حرکتیں کرکے پاکستان کو دباؤ میں نہیں لے سکتااور کشمیر کے ایشو سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ کشمیری مسلمانوں نے اپنی آزادی کی خاطر ہزاروں جانیں قربان کردی ہیں اور شہیدوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔