بھارت میں مسلم نسل کشی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بھارت میں ہندو مذہبی اجتماع کے دوران مسلمانوں کی نسل کشی کی حالیہ کال نے ملک میں غم و غصے کو جنم دیا ہے اور ملک کو خانہ جنگی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔بھارتی رہنماؤں کی خاموشی، خاص طور پر مودی حکومت مسلم دشمنی کی حمایت کو ظاہر کرتی ہے۔

بھارتی حکومت نے مسلمانوں کے خلاف کھلے عام کال اور ہندوتوا گروپوں کی نفرت انگیز مہم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ایک سابق فوجی سربراہ، دائیں بازو کے کارکنوں اور سیاست دانوں نے بھی امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو لاحق خطرے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی بحریہ کے ایک سابق سربراہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ نسلی تطہیر کے مطالبات خانہ جنگی کا باعث بنیں گے اور اس کی سخت مذمت اور سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

ہندو مہاسبھا ایک دائیں بازو کا انتہا پسند گروپ جو عسکریت پسند ہندو قوم پرستی کی حمایت کرتا ہے، اس نے حلف اٹھایا تھا کہ وہ بھارت کو ایک ہندو ملک میں تبدیل کر دے گا چاہے اسے ملک کے مسلمانوں کو قتل کرنا پڑے۔ مسلم مخالف بیان بازی کی بڑھتی لہر کے باوجود حالیہ برسوں میں یہ تشدد کی سب سے واضح کال تھی۔

اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل چکی ہے لیکن بی جے پی حکومت نے اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، حکمراں جماعت کی خاموشی کو یقیناً مذموم مہم کی حمایت کی علامت سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی پولیس انسانی حقوق کے کارکنوں اور مزاح نگاروں کے خلاف بے بنیاد الزامات پر کارروائی کرتی ہے لیکن ان گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

ایک مسلمان کامیڈین منور فاروقی کو ہندو گروپوں کے احتجاج کے دوران دو ماہ میں ان کے بارہ شوز منسوخ ہونے کے بعد چھوڑنا پڑا۔مسلمانوں کے خلاف تشدد کے متعدد واقعات ہوئے ہیں جن میں ہجوم کی طرف سے مسلمانوں کے کاروبار کو بند کرنے کی کوشش کرنے والے حملے بھی شامل ہیں۔

ہندو انتہا پسند برسوں سے تشدد کی آن لائن ترویج کرتے رہے ہیں لیکن اب سڑکوں پر تشدد پھیل چکاہے۔ حال ہی میں مسلمان پھل فروشوں کو مارا پیٹا گیا اور ان کی کمائی چھین لی گئی۔

مسلمان محنت کشوں کو انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت مقدمہ چلانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ حالیہ مہینوں میں ہندو گروپوں نے جمعہ کی نماز کے دوران مسلمانوں کے مذہبی اجتماعات میں خلل ڈالا۔

بی جے پی حکومت کا خیال ہے کہ وہ انتخابات کے لیے ہندو قوم پرستی کا استعمال کر سکتی ہے لیکن اس سے انہیں نقصان بھی ہو سکتا ہے اور ملک میں افراتفری کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا نوٹس لے اور کوئی سانحہ رونما ہونے سے پہلے مودی حکومت کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں۔

Related Posts